زلمے خلیل زاد کے دورۂ پاکستان پر امریکی سفارتخانے کا بیان

زلمے خلیل زاد کے دورہء پاکستان پر امریکی سفارتخانے کا بیان

زلمے خلیل زاد کے  دورہء پاکستان پر امریکی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ زلمے خلیل زاد نے دو جون کو پاکستان کا دورہ کیا۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد  نے افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان کی قیادت سے گفتگو کی۔

زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ آفتاب کھوکھر سے ملاقاتیں کیں۔

پاکستانی حکام نے افغانستان میں پائیدار امن اور بہتر تعلقات کے فوائد پر بات چیت کی۔دونوں ممالک خطے میں روابط، تعاون اور امن سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکہ  خطے میں قیام امن کے لیے ہر طرح کی حمایت کے لئے تیار ہے ۔امریکہ نے پاکستان کی افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو سراہا ہے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکہ امن عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار کا معترف ہے۔ پاکستان کیساتھ مزید ممکنہ مثبت اقدامات اورامریکہ کےساتھ  تعلقات کی بہتری پر بھی بات چیت ہوئی۔

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاک، امریکہ حکام نے پاک، افغان تعلقات کی بہتری کی افادیت پر بھی گفتگو کی،پاک، افغان بہتر تعلقات درحقیقت دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہیں،افغان امن، علاقائی رابطوں اور تعاون میں اضافہ کا سبب، دوطرفہ سطح پر مفید ہو گا۔

امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ امریکہ، پاک، افغان وسیع تر تعاون میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان زلمے خلیل زاد گزشتہ روز وزارت خارجہ پہنچے تھےجہاں وفود کی سطح پر پاک، امریکا دوطرفہ مشاورتی اجلاس ہوا۔

امریکی وفد کی قیادت زلمے خلیل زاد جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ خارجہ آفتاب کھوکھر نے کی۔

مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب کھوکھر نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان نے تمام فریقین کو خطے میں دہائیوں سے جاری محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے مسئلے کے سیاسی حل کی طرف بڑھنے کا مشورہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں زلمے خلیل زاد پاکستان کا دورہ مکمل کرکے افغانستان روانہ

امریکی نمائندہ خصوصی نے خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

امریکی وفد میں امریکی محکمہ دفاع و اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نمائندگان جبکہ پاکستانی وفد میں وزارتِ دفاع و وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام شامل تھے۔


متعلقہ خبریں