برٹش ائرویز کی پروازوں سے سیاحت کو فروغ ملے گا، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی سیاحت تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برٹش ائرویز کے پروازوں کے آغاز سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے برٹش ائرویز کے چیف کمرشل آفیسر اینڈریو برم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے علاوہ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے برٹش ائرویز کی پاکستان میں دوبارہ پروازوں کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بھی مثبت اشارہ ہے۔

اس سے قبل برٹش ائرویز کی پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے برٹش ائرویز کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کا فضائی صنعت میں وسیع تجربہ ہے جبکہ ایوی ایشن سیکٹر کی بحالی میں ہمارے سیکیورٹی اداروں کی بڑی کوششیں ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ برٹش ائرویز کے فضائی آپریشن کی بحالی نیا پاکستان پر اعتماد کا ثبوت ہے۔جس کے لیے پاکستان میں برطانیہ کے سفیر نے اہم کردار ادا کیا اور میں امید کرتی ہوں کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے دیکھ لیں ہم بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستانی اور برطانوی میڈیا سے درخوست کرتی ہوں کہ پاکستان کا اصل چہرہ دنیا کو دکھائیں۔

یہ بھی پڑھیں برٹش ائر ویز کی 11سال بعد پاکستان واپسی

چیف کمرشل آفیسر برٹش ائرویز اینڈیو بریم نے پاکستان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے شہریوں کو مختلف راستوں سے ہوکر آنا پڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی کیبن کریو نے پاکستان جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جبکہ ہم نے پاکستان میں فضائی آپریشن بحالی کی تقریب لندن میں بھی منعقد کی۔ برٹش ائرویز پہلی یورپین ائرلائن ہے جس نے پاکستان کے لیے اپنا آپریشن شروع کیا۔

برٹش ائرویز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) نے پروازوں کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان سے مزید پروازیں شروع کرنے کے خواہاں ہیں اور پاکستان کے لیے 787 بوئنگ کا جدید طیارہ استعمال کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں