خیبر پختونخوا میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے



پشاور: خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر مذہبی جوش و جذبے سے عید منائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عید الفطر پر عوام کو مبارکباد دی۔

ملک بھر میں دو عیدیں منانے کی روایت ختم نہ ہو سکی۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مختلف اضلاع سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد منگل کو عید منانے کا اعلان کیا تو صوبے میں سرکاری سطح پر بھی عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا گیا۔

پشاور سمیت صوبے بھر مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ پشاور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا جہاں نماز عید خطیب محمد اسماعیل نے پڑھائی۔ جس میں سیاسی، سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

صوبے بھر میں نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز عید کے اجتماعات کے موقع ملک کی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دُعائیں مانگی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں وفاق ناکام، پاکستان میں 2 عیدوں کی روایت برقرار

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) محمد خان نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عید کو ملک و قوم کے لیے سلامتی اور خوشحالی کا سبب بنائے۔ قوم سے اپیل ہے کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں اور ناداروں کو بھی شریک کریں۔

دوسری جانب کے پی کے ضلع سوات کے شہریوں نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کرتے ہوئے منگل کو بھی روزہ رکھا جبکہ سوات میں آج 29 واں روزہ ہے۔ سرکاری سطح پر نماز عید پولیس لائن کبل میں ادا کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم اور ڈی پی او سید اشفاق نور نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سوات میں کہیں سے بھی چاند دیکھے جانے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ سوات میں نماز عید کا بڑا اجتماع بدھ کو پولیس لائن مسجد میں ہو گا۔

کراچی میں بھی بوہرہ کمیونٹی کی جانب سے آج عید الفطر منائی جا رہی ہے اور نماز عید کا بڑا سب سے بڑا اجتماع صدر کی طاہر مسجد میں ہوا جہاں صبح 6 بجے نماز عید ادا کی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں