سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے

کورونا وائرس: سعودی شہریوں کو بھی عمرے کی ادائیگی سے روک دیا گیا

اسلام آباد: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، کینیڈا اور یورپ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں آج عیدالفطر روایتی مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔ مسجدالحرام میں نماز عید کا اجتماع ہوا تو اس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزسمیت امت مسلمہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مدینہ منورہ کی مسجد نبوی، دارالحکومت ریاض، طائف اور جدہ سمیت مملکت کے دیگر شہروں میں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں وہاں مقیم پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی نماز ادائیگی کے بعد توپ کے دو گولے داغ کرعیدالفطر کا اعلان کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں توپ کے گولے داغنے کی مستحکم روایت موجود ہے۔

عیدالفطرکی نماز کی ادائیگی کے لیے منعقدہ اجتماعات میں مسلمانان نے امت مسلمہ کی سلامتی اور قیام امن کے لیے  خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے مقبوضہ مسلمان علاقوں کی آزادی، خود مختاری اور سلامتی کے لیے بھی دعائیں کرائیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی دو عیدالفطر منائی جائیں گی جب کہ جاپان، ملائیشیا، انڈونیشیا اور آسٹریلیا میں عیدالفطر کل منائی جائے گی۔

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج چار جون کو کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد ہو گا۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کے اکثر مقامات پر عید الفطر آج منائی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں