حصے کی ’زمین‘ نہ لانے والی روزہ دار بیوی زندہ جلا دی

بہاولپور: حصے کی ’زمین‘ نہ لانے والی روزہ دار بیوی زندہ جلادی

بہاولپور: یزمان منڈی میں سفاک خاوند نے بہن کے ساتھ مل کر بیوی پہ تیل چھڑکا اور ماچس سے آگ لگادی جس کی وجہ سے اس کے جسم کا بیشتر حصہ بری طرح جل گیا۔ روزہ دار بیوی کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ والدین سے اپنے حصے کی ’زمین‘ نہیں لاسکی تھی۔ متاثرہ خاتون ایک چار سالہ بیٹی کی ماں بھی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نازیہ ارم نے سرجیکل وارڈ 4، وکٹوریہ اسپتال میں دوران علاج پولیس کو بتایا کہ اس کے خاوند محمد ریاض اور نند پروین دختر احمد علی نے تیل چھڑک کر آگ لگائی ہے۔

اسپتال میں انتہائی تشویشناک حالت میں داخل نازیہ ارم کے متعلق اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ نے اس کے جسم کا 80 سے 90 فیصد حصہ جلا دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انسانیت سوز واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ صدر یزمان نے خاوند کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے درج ایف آئی آر میں نازیہ ارم کا مؤقف شامل کیا ہے۔

علاقے سے موصولہ اطلاع کے مطابق سفاک خاوند روزہ دار بیوی کو جلانے کے بعد اسے بے ہوشی کی حالت میں  (BVH) میں داخل کراکر فرار ہو گیا تھا۔ پولیس اس کی تلاش میں چھاپے ماررہی ہے۔

 


متعلقہ خبریں