شہباز شریف 8 جون کو وطن واپس پہنچیں گے



لاہور: مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف 8 جون کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا لندن میں 7 جون کو کچھ میڈیکل چیک اپ ہو گا جبکہ شہباز شریف وطن واپس پہنچتے ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف اور اپنی والدہ سے ملاقات کریں گے۔

شہباز شریف وطن واپس پہنچنے کے بعد ملکی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے 25 مئی کو رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملزم  شہباز شریف کے وکلا سے انکی  عدالت میں پیشی کی حتمی تاریخ مانگ لی تھی۔

جج نے کہا کہ عدالت بہت فراخ دلی سے کیس سن رہی ہے ،بیان حلفی دیں کہ شہباز شریف کب پیش ہوں گے؟ میرے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے کہ طے کیا جائے کہ انکا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ہے ؟

یہ بھی پڑھیں شہباز شریف کی لندن میں سیاسی پناہ کی تردید

شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ وہ کوئی حتمی ٹائم فی الوقت نہیں دے سکتے ۔شہباز شریف کے  ٹیسٹ چل رہے ہیں،  اگر کورٹ انہیں یہ سہولت دے  کہ انکا میڈیکل بورڈ بنا دیا جائے تو مناسب ہوگا۔

جج نے کہا کہ میں نے 15 دن اسی لیے دیے تھے کہ وہ علاج کروا کر واپس آ جائیں۔ عدالت نے شہبازشریف کی 28 مئی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں  13 جون کو ہر حال میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت  کی تھی۔


متعلقہ خبریں