منظور وسان نے عمران خان کے بارے میں نیا خواب دیکھ لیا

منظور وسان نے عمران خان کے بارے میں نیا خواب دیکھ لیا

خیرپور: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور اپنے انوکھے خوابوں کے حوالے سے شہرت پانے والے منظور وسان نے وزیراعظم عمران خان کے بارے میں ایک نیا خواب دیکھ لیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اچانک وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے، انہیں لانے والے خود بھی پریشان ہیں۔

انہوں نے اپنا خواب بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان 2020 تک بھی نہیں چل پائیں گے، پنجاب سے پیپلزپارٹی حکومت مخالف تحریک شروع کرے گی جس کا مرکز جنوبی پنجاب ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قریبی ساتھیوں  اور پارٹی بنانے والوں کو ان سے دور کیا جا رہا ہے.

انہوں نے کہا کہ  احتجاج کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور مختلف جماعتیں میدان میں نکل آئیں گی جس کی وجہ سے موجودہ حکومت اس سال کے آخر میں دم تو ڑ جائے گی۔

منظور وسان نے مزید پیشین گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 10 جون کو اسلام آباد میں سی ای سی کی بیٹھک ہے جس میں لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، پارٹی فیصلے کے بعد احتجاج کی شروعات پنجاب سے کی جائے گی۔

آصف زرداری کے بارے میں بھی انہوں نے اپنا خواب بیان کیا جس کے مطابق ان کی ضمانت میں توسیع ہوجائے گی۔

منظور وسان نے کہا کہ پہلے تو آصف زرداری کے خلاف اربوں کھربوں کی بدعنوانی کی بات کی جا رہی تھی، اب یہ کم ہو کر 3 کروڑہو گئی ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں سستی ہو رہی ہیں جبکہ یہاں پر حکمران تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں