’عامر کی گیند بازی میں مزید بہتری آئے گی‘


برسٹل: سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈیرن گنگا نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی گیند بازی میں مزید بہتری آئے گی۔

ایک انٹرویو میں پاکستانی ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آپ (پاکستان) کو انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح کے بعد اپنے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنی چاہئیں۔

’ٹورنامنٹ فیورٹ انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کو کوئی چانس دینے کو تیار نہیں تھا، جن کھلاڑیوں نے پاکستان کے لیے شاندار کارکردگی دکھائی انہیں کریڈٹ دینا پڑے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں عامر نے وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کی گیند سوئنگ ہوتی ہوئی بھی دکھائی دی۔

مزید پڑھیں: پاک سری لنکا میچ: بالآخر بارش رک گئی

’میرا خیال ہے کہ یہ (انگلینڈ کے خلاف کھیلنے والی) پاکستانی ٹیم متوازن ہے اور اس میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، پاکستان کے لیے اہم ہے کہ ٹورنامنٹ میں اسکور بورڈ پر بڑے مجموعے لگائے۔‘

انگلینڈ کے خلاف محمد حفیظ کی اننگز کی بھرپور انداز میں تعریف کرتے ہوئے ڈیرن گنگا نے کہا کہ آل راؤنڈر اپنے تجربے سے فائدہ اٹھارہے ہیں اور 2019 ان کے لیے بیٹنگ کے اعتبار سے شاندار رہا ہے۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ نے 2019 میں اب تک آٹھ میچز کھیلے ہیں جن میں 44 کی اوسط اور 105 رنز کی اسٹرائیک ریٹ سے انہوں نے رنز اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے اس سال چار نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔

’محمد حفیظ نے (انگلینڈ کے خلاف) اننگز کے آغاز سے ہی اپنے ارادے ظاہر کردیے تھے، وہ مخالف ٹیم سے بالکل خوفزدہ نہیں تھے، پاکستانی ٹیم دباؤ کا شکار تھی لیکن حفیظ کی اننگز کے ڈریسنگ روم پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہوں گے۔‘

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کافی مضبوط نظر آتی ہے، حال میں انہیں کافی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس ٹیم کو جیت کے سفر کی جانب گامزن ہونا تھا۔

پاکستان نے گزشتہ ورلڈ کپ سے لیکر اب تک سری لنکا کے خلاف 11 میچز کھیلے ہیں جن میں نو میں فتح گرین سرٹس کو نصیب ہوئی ہے جبکہ دو میچز میں سری لنکا کامیاب رہا۔

عالمی کپ میں سری لنکن ٹیم کبھی بھی پاکستان کو ہرا نہیں پائی ہے۔ دونوں ٹیمیں سات مرتبہ مدمقابل آئیں اور ساتوں مرتبہ پاکستانی ٹیم کامیاب رہی۔


متعلقہ خبریں