فردوس عاشق اعوان کا رانا ثنااللہ کو دو ارب ہرجانے کا نوٹس

فردوس عاشق اعوان کا رانا ثنااللہ کو دو ارب ہرجانے کا نوٹس

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو دو ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

ہم نیوز نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے وکلا کی ٹیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب کے سابق صوبائی وزیر قانون کو بھیجا جانے والا قانونی نوٹس 26 مئی کو معاون خصوصی برائے اطلاعات کے حوالے سے ان کے بے بنیاد اور جھوٹے بیانات پر بھجوایا گیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کی جانب سے ان کے وکلا نے جو قانونی نوٹس بھیجا ہے اس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان دنیا بھر میں ایک قابل اور ایماندار سیاستدان کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

وہ دس سال تک رکن قومی اسمبلی رہیں اور پانچ مختلف وزارتوں میں بحیثیت وفاقی وزیر کے ذمہ داریاں ادا کرچکی ہیں۔ اس وقت بھی وہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

پی ایم ایل کے رہنما رانا ثنا اللہ کو بھیجے جانے والے قانونی نوٹس میں وکلا نے کہا ہے کہ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کی تقریباً 20 سالہ عوامی خدمات ہیں اور وہ ایک انتہائی معزز گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کے وکلا نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں ہماری مؤکلہ پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے جس کی وجہ سے ہماری مؤکلہ کی دل آزاری ہوئی، شہرت کو نقصان پہنچا اورساکھ مجروح ہوئی۔

قانونی نوٹس میں پنجاب کے سابق صوبائی وزیر سے کہا گیا ہے کہ وہ لگائے جانے والے الزامات کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔ نوٹس میں یہ بھی درج ہے کہ تردید و معافی کو اسی انداز میں نشر و شائع کرایا جائے جس طرح جھوٹے الزامات کو نشر کیا گیا اور شائع کیا گیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کی قانونی ٹیم نے اپنے قانونی نوٹس میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ رانا ثنا اللہ معافی مانگنے کے ساتھ دو ارب روپے کا ہرجانہ بھی ادا کریں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کو بھیجے جانے والے قانونی نوٹس میں 14 دن کا وقت دیا گیا ہے اور ساتھ ہی خبردار کیا گیا ہے کہ اگر دونوں اقدامات نہ کیے گئے تو ڈیفامیشن ایکٹ (ہتک عزت) 2002 کی شق 8 کے تحت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے وکلا قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں