پاک بحریہ سمندروں کا عالمی دن منا رہی ہے

سمندروں کا عالمی دن: پاک بحریہ اقوام عالم کے ساتھ منا رہی ہے

اسلام آباد: پاک بحریہ اقوام عالم کے ساتھ آج سمندروں کا عالمی دن منا رہی ہے۔ سمندروں کے عالمی دن کے لیے امسال اقوام متحدہ کا موضوع ’صنف اور سمندر‘ ہے جس کا مقصد اس شعبے میں خواتین کے کردار کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کےدن ہم سمندروں سے جڑی معیشت میں خواتین کے اہم کردار اور سمندری وسا ئل کے دیرپا استعمال و بقا کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ہم نیوز نے ترجمان پاک بحریہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اورانسانی سرگرمیوں کے سمندر پر اثرات سے عالمی برادری کو روشناس کرانا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ سمندری وسائل کے محفوظ اور دیرپا استعمال کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس ضمن کےنمایاں اقدامات میں ساحل و سمندر کی صفائی، سمندری وسائل سے آگاہی کے لیے واک ، لیکچرز اور سیمینارزکا انعقاد شامل ہیں۔

عالمی ماہرین کے مطابق سمندر کی ہماری زمین میں وہی اہمیت ہے جو انسانی جسم میں دل و پھیپھڑے کی ہے کیونکہ زمین کا 40 فیصد تازہ پانی سمندروں سے ملتا ہے اور 75 فیصد آکسیجن بھی ہمیں سمندر ہی مہیا کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں