شمالی وزیرستان:بارودی سرنگ دھماکہ، شہدا کی نماز جنازہ ادا

شمالی وزیرستان:بارودی سرنگ دھماکہِ، شہدا کی نماز جنازہ ادا

گلگت: شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کی نماز جنازہ آرمی ہیلی پیڈ جوٹیال میں ادا کر دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان خرم آغا، آئی جی پولیس ثناء اللہ عباسی اوراسٹاف کیپٹن ایف سی این اے کرنل حبیب اللہ سمیت شہدا کے ورثا اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہید کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد جسد خاکی آبائی گاؤں حیدرآباد ہنزہ روانہ کردیا گیا۔

بارودی سرنگ دھماکہ, تین افسران سمیت چار فوجی اہلکار شہید

لکی مروت سے ہم نیوز کے مطابق شہید کیپٹن عارف اللہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں جی او سی سیون ڈویژن اسد نواز سمیت اعلیٰ فوجی و سول حکام اور ورثا سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہید کیپٹن عارف اللہ کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ شہید کی تدفین آبائی علاقے تاجہ زئی میں کی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق شہید کو سلامی پیش کی گئی، قبر پہ پھول چڑھاٸے گٸے اور پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا۔

پاک فوج کے شہید کیپٹن عارف اللہ غیر شادی شدہ تھے۔ انہوں نے سوگواران میں والدین، تین بھاٸی اور چار بہنیں چھوڑی ہیں۔

شمالی وزیرستان ہی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محسن علی کی نماز جنازہ بھی جرانوالہ کے آبائی گاؤں پٹھان والا میں ادا کی گئی۔

ہم نیوز نے فیصل آباد سے بتایا ہے کہ شہید محسن علی کے جسد خاکی کو نماز جنازہ کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں، ورثا اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق شہید محسن علی کے والد منظور احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں اپنے بیٹے کی قربانی پہ فخر ہے جو وطن کے لیے دی گئی ہے۔ اپنے بیٹے کی تدفین کے موقع پر بھی عزم و استقلال کی علامت دکھائی دینے والے شہید کے والد کا کہنا تھا کہ وطن کی حرمت و بقا کے لیے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے۔

شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کےتین افسران سمیت ایک جوان شہید اور چار زخمی ہوگئے تھے۔ دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔


متعلقہ خبریں