حکومت کب تک ٹوئٹ پر چلتی رہے گی؟طلال چودھری کا استفسار

عمران خان چھپ چھپ کر امریکی سفیر کو کالز کر رہے ہیں، تعلقات کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، طلال چودھری

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے استفسار کیا ہے کہ جھوٹے نالائق اعظم کی حکومت کب تک ٹوئٹ پر چلتی رہے گی؟ انہوں نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹ کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کا ڈرامہ بند کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ پیغام کے ردعمل میں سابق وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ دوسروں کے ’پروٹوکول‘ پر تنقید کرنے والے آج اسے ’سکیورٹی‘ قرار دے کر پورا شہر بند کر دیتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آپ کی نالائقی اور جھوٹ نے عذاب میں ڈال دیا ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ نالائق اعظم ہیلی کاپٹر سے نیچے قدم نہیں رکھتے ہیں لیکن اسلام آباد پولیس بنی گالہ کے جنگلوں میں خوار ہوچکی ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت ختم کرکے پولیس کی اضافی نفری بنی گالہ کے محل کی حفاظت پر مامور ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس کی اضافی نفری واپس تھانوں میں بھیجی جائے۔

سابق وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوٹرن نیازی سیکیورٹی کے نام پر تاریخی پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی، وزرا اور مشیران کا پروٹوکول ختم کریں، ڈرامے نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نالائق وزیراعظم کے ادھارے اور جھوٹے ترجمانوں کے ٹوئٹ ان کے جھوٹ کو چھپا نہیں سکتے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے ہفتہ کی صبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بڑی تعداد میں وی آئی پیز اور وزرا ابھی بھی وی آئی پی کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔

وی آئی پی کلچرکو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مؤقف تھا کہ وزرا اور بعض افراد کے ساتھ ہر جگہ پولیس اسکواڈ ہوتا ہے جو وزیراعظم کی ہدایات کے خلاف ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا واضح طور پرکہنا تھا کہ پولیس اسکواڈ صرف ان افراد کے ساتھ ہونا چاہیے جن کی جانوں کوخطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو صرف اسی کے لیے اجازت بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ اس سلسلے کو ہر قیمت پر بند ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں