نیوزی لینڈ نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی


عالمی کپ 2019 کے 13ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو با آسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی، کین ولیمسن الیون نے 173 رنز کا مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 32 ویں اوور میں عبور کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ناقابل شکست 79 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روز ٹیلر 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،افغانستان کی جانب سے آفتاب عالم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل افغانستان کی ٹیم  نیوزی لینڈ کے خلاف 41 ویں اوور میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ٹیونٹن کے میدان میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا ، افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا تاہم 10 ویں اوور میں وہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زازائی کے آؤٹ ہونے کے بعد حشمت اللہ نے 59 رنز کی اننگز کھیلی تاہم کوئی بھی دوسرا افغان بلے باز کوئی لمبی شراکت داری قائم نہیں کر سکا اور یکے بعد دیگرے افغانستان کی وکٹیں گرتی چلی گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی ان کے علاوہ فرگیوسن نے چار جبکہ گرینڈ ہوم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیم!

افغانستان کی ٹیم کی کپتانی گل بدین نائب کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللہ زازائی، نور اللہ زردان، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہیدی، محمد نبی۔ راشد خان ، نجیب اللہ، اکرام علی خیل، آفتاب عالم اور حامد حسن شامل ہیں۔

کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ ان گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، مارٹن گپٹل، کولن منرو، روز ٹیلر، ٹام لیتھم، جمی نیشم ، گرینڈہوم، مچل سینٹنر، مارک ہینری، فرگیوسن اور ٹرینٹ بولٹ۔

 


متعلقہ خبریں