ون ڈے کرکٹ کا ایک اور عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے نام


انگلینڈ کی ٹیم کو 2019 ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم قرار دیا جارہا ہے جس کی بڑی وجہ 2015 عالمی کپ کے بعد سے تسلسل کے ساتھ اس کی بہترین کارکردگی ہے۔

انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کتنی مضبوط ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ورلڈ کپ کے میزبان ملک نے گزشتہ سات میچوں میں لگاتار 300 سے زائد کا ہدف اپنے مخالفین کو دیا ہے۔

اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا جس نے 2007 میں لگاتار چھ مرتبہ 300 سے زائد رنز بنائے تھے۔

شاندار انگلش ٹیم کے ریکارڈ بنانے کا سلسلہ یہیں رکتا نہیں بلکہ صرف شروع ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: رائے کی دھواں دار سنچری، بنگلہ دیش کو 387 رنز کا ہدف

آج بنگلہ دیش کے خلاف جیسن روئے کی طوفانی بیٹنگ کے باعث انگلش ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز اسکور کیے۔

روئے نے میچ میں 153 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ انگلینڈ کی جانب سے ورلڈ کپ مقابلوں میں دوسرا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔

2011 میں بھارت کے خلاف انڈریو اسٹراؤس نے 158 رنز بنائے تھے جس کی بدولت انگلینڈ 338 رنز بنانے میں کامیاب رہا تھا تاہم یہ میچ ٹائی ہوگیا تھا۔

ماضی میں انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم اپنے انداز کرکٹ کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہتی تھی کہ یہ ٹیم جدید طرز کی کرکٹ کے حساب سے خود ڈھال نہیں پائی۔

تاہم اس ٹیم کے بارے میں ایسا کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ بنگلہ دیش کے خلاف 386 رنز کا مجموعہ انگلینڈ کی جانب سے ورلڈ کپ مقابلوں کا بلند ترین مجموعہ ہے۔

انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 14 چھکے بھی لگائے جو کہ میزبان ملک کی جانب سے کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔


متعلقہ خبریں