دھون کی سنچری کی بدولت آسٹریلیا کیخلاف بھارت کامیاب


لندن: عالمی کپ کے 14ویں میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھا۔

لندن کے کننگٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

دوسرے ہی اوور میں روہت شرما اس وقت بال بال بچ گئے جب آسٹریلوی کھلاڑی کولٹر نائیل نے گلی میں ان کا کیچ چھوڑ دیا۔

اس کے بعد دونوں سلامی بلے بازوں روہت شرما اور شکھر دھون نے آسٹریلوی گیند بازوں کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے شاندار 127 رنز کی شراکت قائم کی۔

57 کے انفرادی اسکور پر روہت کونیتھن کولٹر نائل کا شکار بنے تاہم ایک روزہ کرکٹ کے موجودہ بہترین بلے باز ویرات کوہلی نے شاندار فارم کا سسلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے اوپنر شکھر دھون نے شاندار 117 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 16 چوکے لگائے۔

اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 48 جبکہ سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔ اس طرح بھارت نے اپنے مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، اسٹونس اور کولٹر نائل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا جو غالباً گینگروز کی شکست کی وجہ بنا۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنے کریئر کی سست ترین نصف سنچری اسکور کی۔ 56 رنز بنانے لیے وارنر کو 84 گیندوں کی ضرورت پڑی جن میں 50 ڈاٹ بالز تھیں۔ ایرون فنچ 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ کے درمیان شراکت جب جاری تھی تب ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ شاید آسٹریلیا اس میچ میں کامیاب ہوجائے گا تاہم خواجہ، اسمتھ، اسٹونس اور میکسویل کی وکٹیں کم عرصے میں گرنے کے باعث بھارت میچ پر پوری طرح حاوی ہوگیا۔ اسمتھ نے 69 جبکہ خواجہ نے 42 رنز بنائے۔

وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری نے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تاہم تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔

آسٹریلوی ٹیم 50ویں اوور میں 316 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ شکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں