رواں مالی سال میں کوئی معاشی ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا



اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی حکومت مالی سال 2018-2019کا قومی اقتصادی سروےآج جاری  کریگی۔ رواں مالی سال میں کوئی معاشی ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی معاشی ٹیم کے  ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ رواں مالی سال  کے دوران جی ڈی پی کی شرح مجموعی معاشی ترقی 6.2فیصد ہدف کے مقابلے میں  3.3 فیصد رہی۔

زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، خدمات سمیت دیگر تمام اہم اقتصادی اہداف حاصل نہ ہوسکے۔ اقتصادی سروے کے مندرجات کے مطابق معاشی ترقی، زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، خدمات سمیت اہم اہداف نامکمل رہے ۔

عمومی حکومتی خدمات نے 7.2 فیصد کا ہدف پورا کر لیا،کارکردگی 7.9 فیصد رہی۔
زرعی شعبے کی گروتھ 3.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں صرف 0.8 فیصد رہی ، صنعتی شعبے کی ترقی 4.9 فیصد ہدف کے مقابلے میں 1.4 فیصد،خدمات کے شعبے کی گروتھ 6.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 4.7 فیصد رہی۔

بجلی کی پیداوار اور گیس کی ترسیل میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ 7.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 40.5 فیصد رہا۔

اسی طرح تعمیرات کا 10 فیصد ہدف  بھی پورا نہ ہوسکا۔ تعمیرات کے شعبہ میں ترقی کی شرح منفی 7.6 فیصد رہی۔

بڑی فصلوں کی پیداوار کا ہدف 3.01 فیصد رہا لیکن نتائج منفی 6.5 فیصد رہے۔ کاٹن، جنگلات، فشریز سمیت دیگر شعبوں کا ہدف بھی پورا نہ ہوسکا۔

متفرق فصلوں کی پیداوار ساڑھے تین فیصد ہدف کے برعکس 1.9 فیصد رہی۔کپاس کی پیداوار 8.9 فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس منفی 12.9 فیصد رہی۔لائیو سٹاک کی پیداوار 3.8فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 4 فیصد رہی۔

سمال اینڈ ہاؤس ہولڈ سیکٹر نے بھی 8.2 فیصد کا ہدف پورا کر لیا۔ہول سیل، ری ٹیل شعبے نے 7.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں صرف 3.1 فیصد شرح سے ترقی کی۔

جنگلات کی پیداوار ساڑھے آٹھ فیصد ہدف کے برعکس ساڑھے چھ فیصد رہی۔ماہی گیری کے شعبے کی پیداوار 1.8 فیصد ہدف کے برعکس 0.8 فیصد رہی۔

صنعتی ترقی 7.6 فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 1.4 فیصد تک محدود رہی۔معدنیات کی پیداوار 3.6 فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس منفی 1.9فیصد رہی۔

مینوفیکچرنگ کی پیداوار 7.8فیصد ہدف کے برعکس منفی0.3فیصد رہی۔تعمیراتی شعبے کی ترقی 10 فیصد ہدف کے برعکس منفی 7.6 فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیے:بجٹ:پی ٹی آئی تاریخ کی سب سے بڑی کفایت شعاری مہم لےآئی

رواں مالی سال کے دوران سروس سیکٹر کی ترقی 6.5 فیصد ہدف کے برعکس 4.7 فیصد ہی رہی۔ٹرانسپورٹ، سٹوریج اور کمیونی کیشن میں 4.9 فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 3.3 فیصد ترقی ہوئی۔فنانس اینڈ انشورنس 7.5 فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 5.1 فیصد ترقی ہو سکی۔

ہاوسنگ سروس میں ترقی چار فیصد کے مقررہ ہدف کے برابر رہی۔جنرل گورنمنٹ سروس 7.2 فیصد مقررہ ہدف کے برعکس 7.9 کے حساب سے اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں