بجٹ:پی ٹی آئی تاریخ کی سب سے بڑی کفایت شعاری مہم لےآئی


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )حکومت نے آئندہ بجٹ میں تاریخ کی سب سے بڑی کفایت شعاری مہم کی تیاری مکمل کر لی ہے۔اس مہم کیلئے وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت کفایت شعاری کی مختلف تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔ کفایت شعاری مہم کے ذریعے 40 ارب روپے بچانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری افسران کی تنخواہیں منجمند کرنے جبکہ دفاعی افسران کی طرح بیورو کریسی کی تنخواہیں بھی نہ بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ ، ایوان صدر اور ایوان وزیراعظم اور گورنر ہاؤسز میں سادگی مہم، صدر اور وزیراعظم کے لیے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے اور گورنرز اور اراکین کابینہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ نہ کرنے کی تجاویززیر غور ہیں۔  تنخواہوں میں اضافہ صرف گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین پر ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں تمام غیر ضروری اخراجات ختم کیے جائیں گے۔ تمام وزارتوں میں غیر ضروری اخراجات ختم کرنے اور وزارتوں میں نئی گاڑیاں اور ایئرکنڈیشنز خریدنے پربھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

وزارتوں اور محکموں میں تزین وآرائش کا فنڈ ختم کرنے، وزارتوں اور محکموں میں تحفے تحائف اور انٹرٹینمنٹ الاؤنس ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ملکی تاریخ کے سب سے بڑے خسارے کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا

کفایت شعاری مہم کی ابتدائی منظوری منگل کو کابینہ اجلاس میں دی جائے گی تاہم ان تجاویز پر عملدرآمد کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ بجٹ سیشن میں کرے گی۔


متعلقہ خبریں