قبائلی اضلاع میں انتخابات: الیکشن کمیشن فیصلہ آج کرے گا


اسلام آباد: قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں پر انتخابات مؤخر کیے جائیں گے یا نہیں؟ یہ فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آج (بروز پیر) کرے گا۔ صوبہ خیبرپختونخوا کی جانب سے اس ضمن میں موصول ہونے والی درخواست پر غور کے لیے الیکشن کمیشن کے حکام سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اس ضمن میں اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر، سیکریٹری اور دیگر اراکین شرکت کریں گے۔

ذمہ دار ذرائع نے  ہم نیوز کو بتایا کہ انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست پر قانونی ماہرین سے رائے لی جائے گی۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس آئینی اختیار موجود ہے کہ وہ انتخابات کو مؤخر کرسکتا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے سابقہ فاٹا کی صوبائی نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات کو مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کے پی حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعلان کردہ عام انتخابات کو مؤخر کرانے کی درخواست اس لیے دی گئی ہے کہ امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے اور سرحد پار کی سازشوں کی وجہ سے انتخابی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومتی مراسلہ میں استدعا کی گئی ہے کہ دو جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کو25 جولائی تک ملتوی کردیا جائے۔

قبائلی اضلاع کے انتخابات میں توسیع کی درخواست

ہم نیوز کو اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان  25 جولائی 2019 سے قبل انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں عام انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے البتہ پولنگ کے لیے مقررہ تاریخ میں توسیع کی جا سکتی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا اور سابقہ قبائلی علاقوں میں گزشتہ دنوں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات نے لوگوں کو تشویش میں ضرور مبتلا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں