وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔ مالی سال 20-2019 کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہو گا۔ جس میں بجٹ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور منظوری بھی دی جائے گی۔

ملکی تاریخ کے سب سے بڑے خسارے کا بجٹ کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد کل ہی قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ 6 ہزار 8 سو ارب روپے سے زائد کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے گی جبکہ بجٹ 3 ہزار ارب روپے سے زائد خسارے کا ہو سکتا ہے۔ دفاع کے لیے بجٹ میں 12 سو 50 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم دفاعی بجٹ رواں مالی سال کے دفاعی اخراجات سے کم ہو گا۔

قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 2 ہزار 500 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے اور وفاق کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 925 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔

ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5 ہزار 550 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ نان ٹیکس آمدن کا تخمینہ ایک ہزار 250 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اسی طرح چینی پر سیلز ٹیکس 8 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی بھی تجویز ہے۔ بجٹ میں مڈل مین کی آمدن پر بھی انکم ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

بجٹ میں پولٹری مصنوعات، الیکٹرونک مصنوعات سمیت درجنوں اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹیوں میں اضافہ سے متعلق بھی تجویز ہے، لگثرری اشیا کی درآمد پر بھی 2 فیصد اضافی ڈیوٹی کو بڑھا کر 3 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔


متعلقہ خبریں