یوراج سنگھ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا


بھارت کے جارح مزاج آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے بین الاقوامی کرکٹ اور انڈین پریمئر لیگ  سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ممبئی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’’ اب وقت آ گیا ہے کہ کرکٹ کوخیرباد کہہ کر زندگی میں آگے بڑھا جائے‘‘

37 سالہ یوراج سنگھ نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2000 میں کینیا کے خلاف کیا تھا جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی انٹری 2003 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہوئی۔

انہوں نے  40 ٹیسٹ ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔

یوراج سنگھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 33 کی اوسط سے  1900، ون ڈے کرکٹ میں 36 کی اوسط سے 8701 رنز جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 1177 رنز بنائے ۔

ان کے کیریئر کا سب سے یاد گار لمحہ 2011 کے عالمی کپ میں ان کی کارکردگی تھی جب انہوں نے 4 نصف سنچریاں اور ایک سنچری بنائی اس کے علاوہ انہوں نے15 وکٹیں بھی حاصل کی۔

عالمی کپ 2011 میں کھیل کے پر شعبہ میں بہترین کارکردگی دکھانے پرانہیں مین آف ٹورنامنٹ کا اعزاز دیا گیا۔

فروری 2012 میں یوراج سنگھ سرطان کے مرض میں مبتلا ہو گئے بعد ازاں مرض سے نجات پانے کے بعد انہوں نے 2017 میں انٹرنیشنل مقابلوں میں واپسی کی۔

یوراج سنگھ نے محض 12 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سینچری بنائی، انگلینڈ کے خلاف ان کی یہ اننگز اسٹورٹ براڈ کو لگاتار چھ چھکے مارنے کے حوالے سے بھی یاد رکھی جائے گی۔


متعلقہ خبریں