پاکستان کا امیر ٹیکس ادا کرنا نہیں چاہتا، حفیظ شیخ


اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امیر ٹیکس ادا کرنا نہیں چاہتا، اگر ٹیکس جمع نہیں کر سکے تو اخراجات پورے نہیں کر پائیں گے۔

اسلام آباد میں اقتصادی جائزہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سالوں میں ہماری ڈالر کمانے کی طاقت صفر رہی ہے جبکہ برآمدات کی شرح میں اضافہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے سامنے ملکی اقتصادی صورتحال کی صحیح تصویر پیش کی جائے اور اس معیشت کو استحکام دینے کے لئے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں اس سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو خطرات لاحق ہیں جس کے باعث روپے پر دباؤ ہے، ہمارے پاس قرضہ واپس کرنے صلاحیت نہیں ہے تاہم اس کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی سروے اس سال کا جائزہ ہے تاکہ ہمیں اپنی معیشت کی خرابیوں کا علم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے 31 ہزار ارب روپے کے قرض لئے جن پر ہمیں تین ہزار ارب روپے کا سود دینا پڑے گا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ہم  ضروری اصلاحات نہیں کر پائے، پچھلی حکومتوں نے درآمدات بڑھانے کی بھی کو شش نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جاری کھاتوں کا خسارہ 20 ارب ڈالر رہا ہے، گزشتہ حکومت کے آخری سال میں 2 ہزار 3 سو ارب روپے آمدنی سے زیادہ خرچ کئے گئے۔

حفیظ شیخ نے بتایا کہ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا، صرف وہی ملک لوگوں کو خوشحالی دے سکے ہیں جنہوں نے چیزیں دیگر ممالک کو فروخت کیں۔

 


متعلقہ خبریں