’آگے چل کر سب کھل جائے گا ‘


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ناصر حسین شاہ نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر تعاون کر رہے تھے اور کیس چل رہا تھا، یہ جھوٹے اور جعلی کیسز ہیں، آگے چل کر سب کھل جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے سیاسی حکمت عملی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ کیا کرنا ہے لیکن کارکن نیب کے اس اقدام کو زیادتی سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج کےلیے کسی پارٹی سے اتحاد کی ضرورت نہیں، ہم جمہوری اقتدار میں رہ کر احتجاج کرتے ہیں، ہماری پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی کارکن اس پر عمل کریں گے۔

ناصر شاہ  کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں پر جو کیسز ہیں ان پر کوئی کارروائی نہیں ہورہی، اگر احتساب کا سلسلہ صاف رکھنا ہے تو اپنا گھر بھی صاف کریں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت فیصلہ نہیں کرتی کہ کس کو کب گرفتار کرنا ہے، یہ کیسز پہلے کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سیاسی پارٹیوں نے ملک کو اپنا سمجھا ہی نہیں اور اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے۔

شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ ن لیگ اور پی پی ایک دوسرے کو راستہ دیتے آئی ہیں جس کا مقصد مفادات کا تحفظ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ فوری طور پر آئی ایم ایف کے پاس جاتے تو بھی شرائط میں نرمی نہیں آنی تھی۔ سابق حکومتیں قومی مجرم ہیں ہم ماضی میں کیے گئے کاموں کا خمیازہ بگھت رہے ہیں۔

ن لیگ نے مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا جس کا بہت نقصان ہوا، ہم نے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ سخت ضرور ہیں لیکن مستقبل میں بہتری آئے گی۔


متعلقہ خبریں