پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیش ہونے سے قبل ہی بجٹ مسترد کردیا

جمہوری بقا کی فیصلہ کن جنگ شروع ہو گئی ہے، مریم اور نگزیب

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے آج (بروز منگل) قومی اسمبلی میں پیش کیا جانے والا بجٹ پہلے ہی مسترد کردیا ہے۔ پی ایم ایل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بجٹ آئی ایم ایف کا تیار کردہ ہے اور عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ’ ‎آئی ایم ایف حکومت‘ قومی معاشی مفادات پر سودے بازی کر چکی ہے۔

قومی اسمبلی میں طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنا پہلا بجٹ پیش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ بجٹ کون پیش کرے گا؟ کیونکہ اسد عمر کی تبدیلی کے بعد سے پی ٹی آئی کی حکومت نے وزیرخزانہ نامزد نہیں کیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر کا منصب دیا گیا ہے اور آئینی و قانونی اعتبار سے غیر منتخب شخص ایوان میں بجٹ پیش نہیں کرسکتا ہے البتہ ماہرین کے مطابق آئین میں یہ شق موجود ہے کہ اگر کسی غیر منتخب شخص کو اس شرط کے ساتھ وزیرکا درجہ دے دیا جائے کہ وہ آئندہ چھ ماہ میں خود کو کسی بھی نشست سے منتخب کرالے گا تو وہ ایوان کی کارروائی میں حصہ لے سکتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے اسی آئینی شق کا سہارا لے کر غیر منتخب رکن پارلیمنٹ مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیرخزانہ کا درجہ دیا تھا جس کی بنیاد پر انہوں نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا تھا۔

آئین کی اس شق کے سہارے  ہی مرحوم وزیراعلیٰ سندھ جام صادق علی خان کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے جام عاشق علی خان کو صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بنایا گیا تھا۔

سابق وفاقی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ ‎بجٹ عوام کی آمدنی کو مزید کم کرے گا اور مہنگائی میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور مزاحمت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سہہ پہرچار بجے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کریں گے۔مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بجٹ سیشن سے قبل منعقد ہوگا۔

پی ایم ایل (ن) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اجلاس میں ‎بجٹ اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی اور بجٹ کے لیے ’عوام دوست‘ تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پارٹی کی ’اکنامک ایڈوائزری‘ کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی آج شام ہی کو طلب کر لیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس قومی اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے کے فوری بعد منعقد ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ‎اجلاس شام سات بجے اپوزیشن چیمبر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ انہوں نے اس ضمن میں کہا ہے کہ ‎اجلاس میں وفاقی بجٹ کا جائزہ لیا جائے گا اور پی ایم ایل (ن) کی جوابی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں