فواد چودھری اور فردوس عاشق کے اپوزیشن پر وار

فواد چودھری اور فردوس عاشق کے اپوزیشن پر وار

اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے بعد وفاقی حکومت کی موجودہ اور سابق ترجمان نے اپوزیشن جماعتوں کو نشانے پر رکھ لیا ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور فواد چودھری نے اس مقصد کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیاہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ کرپٹ ٹولہ عوام کے خلاف تحریک چلا کر خود کو رسوا کرنے کا انتظام کر رہا ہے۔قوم کے مال و دولت پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے احتجاج کو عوام مسترد کردیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ  سندھ تک محدود ہونے والوں کی عوامی مقبولیت صفر بٹا صفر ہے۔ ان کے سیاسی وجود کا اندازہ کل چند درجنوں افراد کا باہر نکلنے سے ہو گیا۔

انہوں نے کہا تاریخ گواہ ہے کہ ن لیگ ہمیشہ دوسروں کے کاندھے پر سوار ہو کے آئی۔یہ صرف سازش کر سکتے ہیں مزاحمت نہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لکھا یہ سچے ہوتے تو جمہوریت کا رونا رونے کی بجائے دلیری سے اپنی سچائی کا ثبوت دیتے۔ان کو سزا ان کے اپنے ہاتھوں نے دی ہے،نیب ان کا اپنا بنایا ہوا اور چیئرمین ان کا اپنا لگایا ہوا ہے۔پانامہ ہم نے جاری نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:اسلام آباد:آصف زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی

 وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی جیل یاتراپی ٹی آئی  کے انتخابی وعدوں کا اہم ترین باب تھا۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ ’’دس سالوں میں اربوں روپے کی ہیر پھیر کرنیوالے گروہوں کے سر غنہ جیل پہنچے، یہ معمولی بات نہیں۔ اب اگلا مرحلہ ریکوری کا ہونا چاہئے جہاں وہ رقوم جو ملک سے باہر ٹھکانے لگائیں گئیں وہ واپس ہوں۔‘

متعلقہ خبریں