‘سب کچھ وزیرداخلہ کروا رہا ہے‘

‘سب کچھ وزیرداخلہ کروا رہا ہے‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتہ، سب وزیر داخلہ کروا رہا ہے، مشرف منتخب نہیں تھا اس لیے جیل جانے کو تیار نہیں، مشرف نے ووٹ نہیں مانگنے جانا ہم نے ووٹ مانگنے جانا ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے جسمانی ریمانڈ لینے کیلیے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو عدالت میں پیش کیا جہاں وہ جج کی آمد سے قبل سگریٹ پیتے رہے۔

کمرہ عدالت میں سگریٹ پینے کے سوال پر سابق صدر نے جواب دیا کہ عدالت جج کے آنے کے بعد ہوتی ہے، ابھی صرف کمرہ ہے۔ اس دوران وہ  پارٹی رہنماؤں سے گپ شپ بھی لگاتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا

نیب کے تفتیشی افسر سے مکالمے میں آصف زرداری نے کہا کہ آپ نے مجھے جو گراؤنڈز آف اریسٹ دیے تھے وہ کہاں ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ وہ  بندہ باہر سے لے کر آ رہا ہے، لاتا ہے تو آپ کو دوں گا۔

کمرہ عدالت میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ گزشتہ کل بہت برا تھا(LAST DAY WAS BAD)۔

آصف زرداری نے کہا کہ گرفتاری تھرڈ ورلڈ ممالک میں سیاست کا حسن ہے اور میری گرفتاری دباؤ ڈالنے کا حربہ ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب کی کیا حیثیت، کیا مجال میرے خلاف کیسز بنائے۔ سابق صدر نے جواب دیا میں نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب کی کیا مجال، سب حکومت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا جبکہ قائداعظم کے دور حکومت میں بھی اچکزائی کے والد سیاسی قیدی تھے۔

جس طرح نواز شریف کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کردیا گیا، کیا آپ پر بھی ہوئی فارمولا اپلائی کیا جارہا ہے؟ صحافی کے اس سوال پر سابق صدر نے کہا کہ فرق کیا پڑے گے، میں نہیں ہونگا تو بلاول ہوگا اور بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی۔

کمرہ عدالت میں جج کی آمد سے قبل سگریٹ کا دھواں اڑاتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو لندن بھاگتا دیکھ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں