سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور

سائیکلون ’وایو‘ کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور ہے

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب  میں  سمندری طوفان  ’وایو‘کے باعث اندرون سندھ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ طوفان سے کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق بھارت میں  گجرات کے ساحل  سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت کم ہونے کا امکان ہے جب کہ طوفان کا رخ شمال کی جانب رہا تو سندھ کے جنوب اور جنوب مشرقی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بدین، ٹھٹھہ اور دیگر ساحلی پٹی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، سائیکلون ’وایو‘ کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور ہے، طوفان مزید کچھ گھنٹوں میں شدت اختیار کرجائے گا، طوفان کے 13 جون تک بھارتی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اپنے ساتھ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لائے گا جس سے ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، مٹھی اور رن آف کچھ میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار 50 کلو میٹرفی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندری طوفان کے قریب آنے پر کراچی میں مزید گرمی بڑھنے کا امکان ہے، آئندہ دو روز کے دوران  کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے پر گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جب کہ شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا

چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید  نے گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ سنسنی خیز خبروں پر کان نہ دھریں طوفان کراچی کے جنوب سے 1500 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے جس کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے ۔


متعلقہ خبریں