پاکستانی شائقین بھارتیوں سے مختلف ہیں، سرفراز


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی شائقین کا مزاج ایسا نہیں کہ وہ اسٹیو اسمتھ کے خلاف نعرے بازی کریں۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ کے حوالے سے پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور اپنی ٹیم کو اسپورٹ کرنے کے لئے بڑی تعداد میں گراؤنڈ میں آئیں گے۔

یاد رہے بھارت کے خلاف میچ کے دوران آسٹریلیا کے سابق کپتان اور موجودہ مڈل آرڈر بلے باز اسٹیو اسمتھ کے خلاف بھارتی شائقین نے نعرہ بازی کی تھی اور انہیں ’’ چیٹر چیٹر ‘‘ کہا تھا۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے شائقین کو اشارے کے ذریعے چپ ہونے کا کہا، بعد ازاں پریس کانفرنس میں انہوں نے اسٹیو اسمتھ سے شائقین کے رویے پر معافی بھی مانگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ دیکھنے کے لئے آئے لوگوں میں زیادہ تعداد بھارتیوں کی تھی اس لئے میں چاہتا تھا کہ کوئی غلط مثال قائم نہ ہو، میرے خیال میں اسمتھ نے کوئی ایسا گناہ نہیں کیا کہ ان کو اس طرح تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرے ساتھ ایسا کچھ ہو جاتا اور میرے معافی مانگنے کے بعد لوگ اس طرح کا رویہ رکھتے تو مجھے بھی بہت برا لگتا، اسی لئے میں نے اس معاملے میں مداخلت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یہ بات بری لگی اور انہوں نے اسمتھ کو کہا کہ وہ تمام شائقین کی جانب سے معافی مانگتے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں