آئی سی سی کا اسٹمپس تبدیل کرنے سے انکار


لندن: بین الاقوامی کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید اور مختلف میچز کے دوران متعدد مرتبہ وکٹوں پر گیند لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنے مؤقف سے نہ ہٹا سکا۔

منگل کے روز اپنے ایک اعلامیے میں آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے درمیان ہم کسی چیز کو تبدیل نہیں کریں گے کیوں کہ اس سے کھیل کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کے تمام 48 میچز اور تمام دس ٹیموں کے لیے ان ہی بیلز کا استعمال کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: بیلز نہ گرنے کے تنازع پر کوہلی، فنچ نے آواز بلند کردی

اعلامیے میں کہا گیا کہ ان بیلز کو گزشتہ چار سالوں سے تبدیل نہیں کیا گیا اور 2015 کے عالمی کپ کے بعد سے تمام آئی سی سی ایونٹس میں ان کا استعمال ہوتا رہا ہے۔

آئی سی سی نے کہا کہ ان اسٹمپس کو ایک ہزار سے زائد میچز میں استعمال کیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں بیلز کا نہ گرنا: بلے بازوں کی خوش قسمتی یا کچھ اور؟

خیال رہے کہ اس ورلڈ کپ میں متعدد بار ایسا دیکھا گیا ہے کہ گیند اسٹمپس پر لگنے کے باوجود بیلز نہیں گریں۔

گزشتہ روز بھارتی و آسٹریلوی کپتانوں ویرات کوہلی اور ایرون فنچ نے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں