قومی اسمبلی میں عمران خان کے اشارے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

قومی اسمبلی میں عمران خان کے اشارے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی موسیقار کے انداز میں اشارے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

بجٹ اجلاس کے دوران حزب اختلاف کے احتجاج کے ہنگام انہوں نے فاتحانہ انداز میں مسکراتے ہوئے یہ اشارہ کیا تو سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر دلچسپ تبصرے شروع ہو گئے۔

ایک صارف نے کہا کہ عمران خان نے حزب اختلاف کو اپنی موسیقی جاری رکھنے کا اشارہ کیا ہے تو دوسرے نے عمران خان کو ’ٹرولنگ‘ کا طعنہ دے مارا۔

ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ حزب اختلاف کے لیے عمران خان کا ایک اشارہ ہی بہت ہے۔

وزیراعظم کے میوزک کمپوزر جیسے اشارے پر ان کے ساتھی بھی مسکرانے لگے۔

قومی اسمبلی میں آج 2019-2020 کے بجٹ اجلاس میں ایوان میں حزب اختلاف کے احتجاج کے باعث ہلڑبازی کا ماحول رہا، اس کا جواب دینے کے لیے عمران خان خود میدان میں آئے اور اپنی کابینہ کے کھلاڑیوں کو جوش دلاتے رہے۔

وزیر مملکت برائے ریوینیو حماد اظہر نے بجٹ تقریر شروع کی تو حزب اختلاف کے اراکین قومی اسمبلی نے آئی ایم ایف پالیسی نامنظور، جھوٹے وعدے نامنظور، عوام کا استحصال بند کرو، گو نیازی گو اور آئی ایم ایف کا منشور نامنظور کے نعرے لگا کر ان کا دھیان ہٹانے کی خوب کوشش کی تاہم حماد اظہر اپنی تقریر میں مصروف رہے۔

حزب اختلاف کی نعرے بازی کسی طور نہ تھمی  تو سابق کپتان نے کمان سنبھالی اور اپنے کھلاڑیوں پر برہمی کا اظہار کیا جس پر قریب کھڑی شیری مزاری نے بھی نعرے لگانے شروع کر دیئے۔

بعض حکومتی ارکان وزیر مملکت کو گھڑی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تقریر جلدی ختم کرنے کا مشورہ دیتے رہے۔

شور شرابے سے بے نیاز وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری گپ شپ میں مصروف نظر آئے تو اسپیکر قومی اسمبلی بھی اس صورتحال میں خوب مسکراتے دکھائی دیئے۔


متعلقہ خبریں