’حفیظ جب اچھا کھیلتے ہیں پاکستان میچ جیت جاتا ہے‘

فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں، مصباح

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل آل راؤنڈر محمد حفیظ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ پاکستان کے لیے ایک اہم کھلاڑی رہے ہیں کیوں کہ وہ اسپن گیند بازی کو اننگز کے درمیان میں اچھے انداز میں کھیلتے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حفیظ کو اپنے کریئر کے دوران نئی گیند سے کھیلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تاہم ایک مرتبہ گیند پرانی ہوجاتی تو وہ لمبی اننگز کھیلتے۔

انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ نے ماضی میں کئی سنچریاں اسکور کی ہیں اور پاکستان کی کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایرون فنچ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے خواہاں

’حفیظ اب مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہیں اور اپنے تجربے کی بنیاد پر اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ اس پچ پر کتنا اسکور بنانا چاہیے۔‘

سابق کپتان نے کہا کہ محمد حفیظ کی اس ٹیم میں بہت اہمیت ہے، وہ جب بھی اچھا کھیلتے ہیں عموماً پاکستان میچ میں کامیاب ہوتا ہے۔

محمد عامر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی ورلڈ کپ میں اب تک کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے اور ایک تجربہ کار فاسٹ بولر سے آپ اسی طرح کی کارکردگی کی امید کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں عامر نے اچھی بولنگ کی اور درست جگہ گیند کروائی، انہوں نے جس طرح انگلینڈ کے خلاف دباؤ کا سامنا کیا وہ قابل دید تھا۔


متعلقہ خبریں