حکومت نے آج آئی ایم ایف کا بنایا ہوا بجٹ پیش کیا، ندیم ملک


اسلام آباد: سینئر صحافی ندیم ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے جو بجٹ پیش کیا وہ حقائق کے برعکس ہے، جو اقدامات کیے گئے ہیں ان سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کا بڑا حصہ صرف قرضوں پر سود کی مد میں وایس کیا جائے گا، پی ٹی آئی کی حکومت جب سے آئی ہے انہیں اپنی اقتصادی ٹیم سے مسائل کا سامنا رہا ہے۔

ندیم ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بنا ہوا ایسا بجٹ میں نے آج تک نہیں دیکھا، پہلے میں اسد عمر پر تنقید کرتا تھا مگر حفیظ شیخ کی پالیسیاں دیکھ کر یہ کہنے پر مجبور ہو گیا ہوں کہ اسد عمر ان سے پہتر تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ستمبر میں آئی ایم ایف کے پاس چلی جاتی تو اچھا پیکج مل جاتا اور ڈالر زیادہ سے زیادہ 140 تک اوپر جاتا مگر اب 152 سے بھی اوپر جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے چھ سات ماہ کچھ کمایا نہیں بس خرچ کیا ہے، اور ان کی اقتصادی ٹیم نے آئی ایم ایف کی فہرست میں موجود تمام مطالبات کو پورا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 17 سو ارب روپے سود کی مد میں دینا تھا جو کہ اب 29 سو ارب روپے سے زائد ہو چکا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں