ورلڈ کپ: اگلے پانچ میچ بارش کی نذر ہونے کا خدشہ


لندن: عالمی کپ کے دوران بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اگلے 5 میچ بھی بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے۔

لندن کے محکمہ موسمیات نے جاری عالمی کپ کے اگلے 5 میچوں کے دوران بھی 50 سے 80 فیصد بارش ہونے کے امکانات ظاہر کر دیے ہیں جبکہ اس سے قبل تین میچ بارش کی نذر ہو چکے ہیں۔

12 جون کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ میں بارش ہونے کے 50 فیصد امکانات موجود ہیں اور 13 جون کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ بھی بارش ہو سکتی ہے جس کے 80 فیصد امکانات موجود ہیں۔

14 جون کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ساؤتھمپئن گراؤنڈ میں ہونے والا میچ بھی بارش کی نذر ہو سکتا ہے جبکہ 15 جون کو اوول کے میدان میں سری لنکا اور آسٹریلیا کے میچ میں بارش کے امکانات تھوڑے کم ہیں لیکن اس میں بھی بارش میچ کو متاثر کر سکتی ہے۔

15 جون کو ہی جنوبی افریقہ اور افغانستان کا میچ بھی بارش کی نذر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ‘تین بلے باز ورلڈ کپ جتوا سکتے ہیں‘

اگر ان تمام میچوں کے دوران بارش ہو گئی تو ٹورنامنٹ کے دوران بارش کے قانون کے مطابق میچوں کا فیصلہ کیا جائے گا جو کسی کمزور ٹیم کو آگے جانے میں مددگار بھی ثابت ہو سکتا ہے اور کسی مضبوط ٹیم کے لیے نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

اس سے قبل بھی ٹورنامنٹ کے تین میچ بارش کی نذر ہو چکے ہیں جن میں 11 جون کو ہونے والا بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

10 جون کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا اور اس میں بھی دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جبکہ 7 جون کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ ٹاس ہونے سے قبل ہی بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا اور ان دونوں ٹیموں کو بھی ایک ایک پوائنٹ ملا۔


متعلقہ خبریں