شعیب اخترکا سامنا کرنے سے ڈر لگتا تھا، یوراج

شعیب اخترکا سامنا کرنے سے ڈر لگتا تھا، یوراج

فائل فوٹو


اسلام آباد: بین الاقوامی کرکٹ سے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے بھارتی بلے باز  یوراج سنگھ نے تسلیم کرلیا کہ وہ شعیب اختر کی گیند بازی سے خوفزدہ رہتے تھے۔

ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں یوراج سنگھ نے کہا کہ شعیب اختر بالنگ کے لیے جب دوڑتے تو میں ڈر جاتا تھا اور کھیلنے کیلیے بڑا حوصلہ دکھانا پڑتا تھا۔

بھارتی بلے باز نے جب ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو شعیب اختر نے ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوراج راک اسٹار،میچ ونر، بہترین دوست اور زبردست جونیئر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوراج سنگھ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

شعیب اختر نے کہا تھا کہ بھارت نے آپ(یوراج) سے بہتر لیفٹ ہینڈ بیٹسمین پیدا نہیں کیا۔ یوراج سنگھ نے نیک خواہشات کیلئے شعیب اختر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

37 سالہ یوراج سنگھ نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2000 میں کینیا کے خلاف کیا تھا جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی انٹری 2003 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہوئی۔

انہوں نے 40 ٹیسٹ ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔ یوراج سنگھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 33 کی اوسط سے 1900، ون ڈے کرکٹ میں 36 کی اوسط سے 8701 رنز جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 1177 رنز بنائے۔


متعلقہ خبریں