بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب

بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بچوں کو پھولوں سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بچوں کو کسی بھی ملک و قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مروجہ قوانین کے تحت بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ’چائلڈ لیبر‘ کے خاتمے کے اقدامات کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چائلڈ لیبر ایک سماجی ومعاشی مسئلہ ہے جس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں۔


انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پرتوجہ دینا معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تسلسل کے ساتھ ٹیم ورک کے طورپر کام کرکے ہی چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ پورے معاشرے کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی کے ذریعے اس لعنت کو ختم کرنے کے جامع اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے اور مشن کے حصول میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے نونہالوں کو چائلڈ لیبر کی لعنت سے چھٹکارہ دلا کر دم لیں گے۔ انہوں نے ’عالمی دن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تقاضہ کرتا ہے کہ چائلڈ لیبر و جبری مشقت سے معاشرے کو پاک کرنے کے لیے تمام طبقات اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ یہ دن منانے کا بنیادی مقصد بچوں کے مستقبل پر چائلڈ لیبر کے اثرات سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج ہمیں بھی چائلڈ لیبر کے خاتمے کی کوششوں کومزید تیز کرنے کا عزم کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں