کراچی: بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے زندگی اجیرن کردی

کراچی: بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے زندگی اجیرن کردی

کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھربجلی کی غیر اعلانیہ بندش (لوڈ شیڈنگ) کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سخت گرمی اور حبس میں 12 سے 14 گھنٹے کی طویل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔

ہم نیوز کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقے گھنٹوں اندھیرے میں ڈوبے رہے لیکن اذیت میں مبتلا شہریوں کا پرسان حال کوئی نہیں تھا۔

روشنیوں کے شہر میں جو علاقے بجلی کی فراہمی میں ہونے والے تعطل کا نشانہ بنے ان میں نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، بفرزون اور سخی سحن سمیت ان کے اطراف کے علاقے شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق فیڈرل کیپٹل ایریا میں 9 گھنٹے کے تعطل کے بعد بجلی بحال ہوئی لیکن پھر فوراً ہی دوبارہ غائب ہوگئی جس کی وجہ سے شہریوں کو انتہائی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے علاقوں ناگن چورنگی اور فاطمہ جناح کالونی میں رہائش پذیر افراد نے بھی ہم نیوز کو بتایا کہ ان کے علاقے میں بھی بجلی کئی گھنٹوں تک بند رہی ہے۔

ہم نیوز سے شہر کے مختلف علاقوں کے مکینوں نے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا کہ کے الیکٹرک کے قائم کردہ شکایت سینٹر پر سننے والا بھی کوئی نہیں ہے اور درج شکایات پر کوئی کارروائی بھی نہیں کی جارہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش کے سبب قلت آب کا بھی انہیں سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے وہ مجبور ہو کر ’واٹر ٹینکر مافیا‘ سے انتہائی مہنگے داموں پانی خرید رہے ہیں۔

شہر قائد کے مکینوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی میں مہنگے داموں پانی خریدنا ان کے لیے ناممکن ہوچکا ہے لیکن افسوسناک امر ہے کہ ان کی شنوائی کسی بھی جگہ نہیں ہورہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شہریوں کو یہ بھی شکایت ہے کہ کے الیکٹرک کے قائم کردہ شکایت سینٹر پر اگر خود جا کر بھی اطلاع دے دی جائے تب بھی کوئی کان دھرنے والا نہیں ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے اس ضمن میں دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ علاقائی ’فالٹس‘ کی درستگی کے لیے 118 یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ قائم کریں۔


متعلقہ خبریں