وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم، بجٹ میں ڈھول کا پول کھل گیا

وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم، بجٹ میں ڈھول کا پول کھل گیا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپنے پہلے میزانیے میں کفایت شعاری مہم کے باوجود وزیراعظم ہاؤس کے بجٹ میں تین کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافہ کر کے 1.17 ا رب کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت نے وزیراعظم ہاؤس کے لیے 98 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کیے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے برسر اقتدار آتے ہی کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا اور آفس کے اخراجات کم کرنے کی خاطر سیکڑوں ملازمین کی بجائے صرف چند ملازمین رکھنے اور اخراجات کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

کفایت شعاری مہم کے اعلانات اور اقدامات کے باوجود گزشتہ مالی سال وزیراعظم ہاؤس نے مختص کردہ رقم سے سے زیادہ خرچہ کیا اور مجموعی طور پر یہ رقم 1.09 ارب روپے تک جا پہنچی۔

وزیرِ مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے جو بجٹ پیش کیا اس کے مطابق وزیراعظم آفس کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے سات کروڑ 95 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، ن لیگ نے یہ رقم 10 کروڑ 30 لاکھ  رکھی تھی۔

پی ٹی آئی کے میزانیے میں وزیراعظم آفس نقل و حمل (کنوینس) کی مد میں تین کروڑ 69 لاکھ رکھے ہیں جو گزشتہ برس خرچ کیے گئے تین کروڑ 30 لاکھ سے 39 لاکھ زیادہ ہیں۔

وزیراعظم آفس کے اسٹاف اورگھریلو اخراجات کے لیے 21 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ن لیگ نے اس مد میں  22 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے تھے لیکن 30 کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔


متعلقہ خبریں