آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کیلئے الگ سے درخواست دیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

مشکوک ٹرانزیکشن کیس: زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے الگ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی ۔

عدالت نے یہ ہدایت مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس اور پارک لین کیس میں آصف زرداری کی درخواست ضمانت  کی سماعت کے دوران کی ۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا آصف زردای سے ہدایات لینا تھیں لیکن ان کو لایا ہی نہیں گیا ان  کی عدالت میں موجودگی ضروری ہے۔ عدالت آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے۔

جسٹس عامر فاروق نےسوال اٹھایا آصف زرداری گرفتار ہو چکے ہیں۔کیا ریاست انہیں عدالت پیش کرنے کی پابند ہے؟

اس پر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اگر عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرے تو پیش کیا جا سکتا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا آصف زرداری جوڈیشل لاک اپ میں نہیں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔جسمانی ریمانڈ سے ہم ایسے ہی انہیں عدالت نہیں لا سکتے۔اگر عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرے تب ہی انہیں عدالت میں پیش کر سکتے ہیں۔

عدالت نے آصف زرداری کے وکیل  فاروق ایچ نائیک سے کہا آصف زرداری کو استثنی دلوانا ہے یا پروڈکشن آرڈردرکار ہیں اس کے لیے الگ درخوست دائر کریں۔

یہ بھی پڑھیے: آصف زرداری 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

فاروق ایچ نائیک نے کہا وہ  کل تک الگ درخواست دائر کر دیں گے ۔ کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کردی گئی ۔

واضح رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت سابق صدرآصف زرداری کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے، انہیں احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔

نیب نے آصف زرداری کے14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو لگ بھگ پون گھنٹے بعد سنادیاگیا۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو دس جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے انکی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں