14جون کو ہڑتال نہیں کرینگے، وکلاء ایکشن کمیٹی


لاہور:وکلاء ایکشن کمیٹی نے صدر سپریم کورٹ بار کے موقف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ 14جون کو ہڑتال نہیں کرینگے۔ وکلا ایکشن  کمیٹی کا کہنا ہے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں، ہر ایک کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے۔

جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس سے متعلق ہڑتال پر وکلاء ایکشن کمیٹی میدان میں آ گئی ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار ذوالفقار بخاری نے چودہ جون کو معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہونے کا اعلان کر دیا۔

ذوالفقار بخاری نے کہا کہ  وکلاء کو کوئی ہڑتالی ٹائوٹ نہ سمجھے، ہم ہڑتال کی کال مسترد کرتے ہیں اور وکلاء عدالتوں میں پیش ہونگے، ججز جرنیلوں اور سیاستدانوں سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

وکلاء ایکشن کمیٹی کے مطابق سیاسی ایشو بنا کر احتساب کی راہ  میں روڑے اٹکانا مناسب نہیں ہے۔  اگر جج صاحب کے خلاف الزامات ہیں تو انہیں سامنا کرنا چاہئے۔

ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ  صدر مملکت نے ریفرنس بھیج کر اپنا آئینی اختیار استعمال کیا، اگر جج صاحب کے خلاف کوئی الزامات ہیں تو انہیں ان کا سامنا کرنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیے: پارلیمینٹیرینز صدر کے خلاف مواخذے کا ریفرنس دائر کریں، صدرسپریم کورٹ بار

کمٹی نے صدر سپریم کورٹ کے بیانات کی مذمت کی اور یہ مطالبہ بھی کیا کہ امان اللہ کنرانی کے خلاف نیب میں زیر التوا کیسز پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔


متعلقہ خبریں