بجٹ کی حمایت :حکومت بی این پی کو منانے میں ناکام


اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف وفاقی بجٹ منظور کرانے کے لیے حکومتی اتحاد میں شامل  بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل  کو منانے میں ناکام ہوگئی ہے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد نے سردار اختر مینگل کی زیر قیادت بی این پی کے وفد سے ملاقات  میں انہیں منانے کی بھرپور کوشش کی ۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بی این ہی نے اپنے چھ نکات پر عمل درآمد کے لئے ٹھوس یقین دہانی مانگ لی ہے۔

اختر مینگل نے حکومتی وفد سے گفتگو میں کہا کہ ایک سال مکمل ہونے کو ہے ابھی تک چھ نکات پر عمل درآمد کا آغاز ہی نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بی این پی کے وفد کے سامنے کہا تسلیم کرتے ہیں کہ مطالبات پورے نہ کر سکے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بی این پی نےحکومتی وفدکے سامنے بجٹ کی حمایت کی یقین دہانی سے معذرت کرلی ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وقد نے مشاورت کے بعد دوبارہ ملاقات کا کہاہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں وفد کی ملاقات  پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے:مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکومتی اتحاد سے نکل جائینگے

بی این پی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی،ایم این اے آغا حسن بلوچ اور ہاشم نوتیزئی نے بی این پی جبکہ  ڈپٹی اسپیکر نیشنل اسمبلی قاسم خان سوری اور محمد شہزاد ارباب حکومتی وفد میں شامل تھے۔


متعلقہ خبریں