ڈچ کھلاڑی کے مذاق پر بھارتی سیخ پا


بھارت کے ماضی کے مایہ ناز بلے باز یوراج سنگھ نے حال ہی میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے کھلاڑیوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان ہی میں ایک نیدرلینڈز کے گیند باز پیٹر بورن بھی تھے جنہوں نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ’میں نے یوراج کے خلاف چند مرتبہ بولنگ کی ہے اور میں بھی انہیں آؤٹ نہیں کرپایا اس کا مطلب وہ کوہلی سے زیادہ اچھے کھلاڑی ہیں۔‘

پیٹر بورن ورلڈ کپ 2011 کے درمیان ہالینڈ اور انڈیا کے ایک میچ کا ذکر کررہے تھے جس میں کامیابی حاصل کرکے بھارت نے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنائی تھی۔

مزید پڑھیں: عامر ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے

اس میچ میں یوراج نے 51 رنز بنائے تھے تاہم کوہلی اس میچ میں 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

ڈچ کھلاڑی کے ٹوئٹ میں یہ بات واضح تھی کہ وہ مذاق کررہے ہیں تاہم بھارتی کرکٹ شائقین کو یہ بات پسند نہیں آئی کہ بورن نے یوراج کو کوہلی سے بہتر کیسے قرار دیا اور بے چارے پیٹر بورن بلاجواز تنقید کا نشانہ بنتے رہے۔

کسی نے پیٹر بورن کو دنیا کا بدتین بولر قرار دیا تو کسی نے ان کے اعداد و شمار نکال کر انہیں چڑانے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں بھارتی کپتان اور جدید کرکٹ کے بہترین بلے باز ویرات کوہلی نے بھارتی تماشائیوں کو اسٹیون اسمتھ کے خلاف نعرے بازی نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔


متعلقہ خبریں