ایم کیو ایم بانی ضمانت پر رہا


لندن: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو لندن پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن نے الطاف حسین کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔

پولیس کے مطابق الطاف حسین پر مقدمہ چلانے کے حوالے سے فی الحال شواہد ناکافی ہیں اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم بانی کو صبح سویرے گرفتار کرکے مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا۔

لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری کے اعلامیے میں بتایا کہ ساٹھ سالہ شخص کو نارتھ ویسٹ لندن سے سیکشن 44 سیریس کرائم ایکٹ 2007 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق لندن پولیس کے تفتیشی افسران نے ایجویر روڈ پر واقع ایم کیو ایم کے مرکز کی بھی تلاشی لی ہے۔ گرفتاری مختلف تقاریر کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔

بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مقامی پولیس کا انسداد دہشت گردی کا ونگ اگست 2016 میں کی جانے والی تقریر کی تفتیش کررہا ہے۔

اس سے قبل الطاف حسین سے منی لانڈرنگ اور ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بھی تفتیش کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں