حکومت، بی این پی میں معاملات طے پا گئے


اسلام آباد: وفاقی حکومت اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ حکومت نے بلوچستان کے معاملات طے کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی میں پرویز خٹک، ارباب شہزاد اور قاسم سوری شامل ہوں گے۔

اس سے قبل اختر مینگل نے حکومتی وفد سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایک سال مکمل ہونے کو ہے ابھی تک چھ نکات پر عمل درآمد کا آغاز ہی نہیں ہوسکا۔

مزید پڑھیں: ’مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکومتی اتحاد سے نکل جائیں گے‘

ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بی این پی کے وفد کے سامنے کہا تسلیم کرتے ہیں کہ مطالبات پورے نہ کر سکے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ ماہ ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے حکومت کو تنبیہ کی تھی کہ اگر دو ماہ میں ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکومتی اتحاد سے نکل جائیں گے۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے اور پھر حکومت ووٹ مانگنے آئی تو معاہدہ پورا نہ ہونے کا حساب مانگیں گے۔

ممکنہ حکومتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس کے پاس زیادہ ووٹ ہوں گے حکومت اس ہی کی ہوگی۔


متعلقہ خبریں