’میچز جیتنے کیلئے ٹاپ آرڈر کو مزید رنز اسکور کرنے ہونگے‘


نانٹن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے آسٹریلیا کے خلاف شکست کا ذمہ دار بلے بازوں کو قرار دے دیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسن علی اور وہاب ریاض نے اچھی بیٹنگ کی اور ہم نے جان ماری تاہم میچ ہار گئے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے ابتدائی 20 اوورز کے دوران بہت زیادہ رنز دے دیے، عامر کے علاوہ کسی بولر نے اچھی گیند بازی نہیں کی۔

مزید پڑھیں: پوائنٹس ٹیبل: آسٹریلیا سے شکست، پاکستان کی آٹھویں پوزیشن

سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے۔

پاکستان کپتان کا کہنا تھا کہ اگر ایک دو شراکتیں قائم ہوجاتیں تو میچ کی صورت حال مختلف ہوتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم جیتنا چاہتے ہیں تو ہمارے ابتدائی چار بلے بازوں کو رنز بنانے ہوں گے، امام نے نصف سنچری اور بابر نے 30 رنز بنائے تاہم اس سے زیادہ رنز اسکور کرنے ہوں گے۔

بھارت کے خلاف میچ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم اسے جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔


متعلقہ خبریں