کمیشن ماہر معاشیات کی نگرانی میں بنایا جائے، پیپلز پارٹی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما کنول شوذب نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں نے ملک کو کرپشن کی نذر کر دیا۔ معیشت کو درست کرنے کے لیے احتساب انتہائی ضروری ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کنول شوذب نے کہا کہ ہماری فنانس کی ٹیم نے بجٹ سے متعلق پورا روڈ میپ عوام کو بتایا ہے جبکہ وزیر اعظم اپنی حکمت عملی سے متعلق بھی عوام کو آگاہ کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھایا جائے جس کے لیے اچھا رسپانس آنا شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو جنریٹ کرنے کے لیے حکومت نے اپنے لیے ایک مشکل ہدف رکھا ہے جس کو لے کر آگے بڑھیں گے اور ساڑھے پانچ ہزار ارب روپے کا ہدف پہلے سال میں عبور کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ ہمیں تو سمجھ نہیں آیا کہ کس طرح اپنے اہداف پورے کریں گے۔ عمران خان گزشتہ 10 سال سے نہیں پرویز مشرف کے دور کے قرضے کا بھی چٹھہ کٹھہ کھولیں تاکہ سب کو معلوم ہو۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو ہم نے بھی ثبوت جمع کرائے ہیں لیکن نیب کی جانب سے آج تک جواب نہیں آیا تاہم پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو پتہ نہیں کیسے معلوم ہو جاتا ہے کہ نیب فلاں رہنما کو گرفتار کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کا سربراہ وزیر اعظم کو کیوں بنایا جا رہا ہے۔ کسی ماہر معاشیات کی نگرانی میں کمیشن بنائیں۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ایمپائر بھی ہمارا ہو اور میدان میں بھی وہی کھیلیں کسی دوسرے کو موقع نہیں دیا جائے۔ ہم جمہوریت کی گاڑی کو پٹڑی سے اترنے نہیں دینا چاہتے لیکن پی ٹی آئی میں برداشت کا مادہ ہی نہیں ہے وہ تو بس مرنے مارنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے حکومتی وزیر خسرو بختیار پر بھی کئی الزامات موجود ہیں اس  لیے وہ حکومت کے خلاف منہ کھولنے کی ہمت نہیں رکھتے۔

کنول شوذب نے کہا کہ پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر گزشتہ حکومتوں نے ہی بھیجا تھا اور اب یہ کہتے ہیں کہ ان کی کرپشن بھی کھولی جائے۔


متعلقہ خبریں