عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، علی محمد خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ 10 سال کے قرضوں کی تفصیلات جاننے کے لیے کمیشن بنا دیا ہے اور جلد ہی قوم اچھی خبر سنے گی اور عمران خان ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہی اس ملک کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔ پاکستان میں کرپشن کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور لوٹی ہوئی رقم جلد واپس لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ’مہنگائی کا طوفان سب کی چیخیں نکال دے گا‘

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے خرچے کم کر دیے ہیں جبکہ کابینہ نے اپنی تنخواہ 10 فیصد کم کرنے کا اعلان کیا، وزیر اعظم ہاؤس کا خرچہ جو گزشتہ حکومت کا ڈیڑھ ارب روپے تھا وہ 75 کروڑ روپے پر لے آئے ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ پاکستانی کی عوام باشعور ہے اور اب وہی فیصلہ کرے گی کہ کس کو حکمرانی کرنی چاہیے اور کس کو گھر جانا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جھوٹ بولنے والے کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں