کراچی: وزیربلدیات نے قلت آب کا ذمہ دار واٹر بورڈ کو قرار دیدیا


کراچی: شہر قائد میں قلت آب کا بحران سنگین ہو گیا ہے جب کہ صوبائی وزیربلدیات نے پانی کی عدم دستیابی کا ذمہ دار ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی (واٹر بورڈ) کے ملازمین کو ٹھہرا دیا۔

ہم نیوز کے مطابق روشنیوں کے شہر کو 600 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے واٹر ٹینکر مافیا نہ صرف من مانی کررہی ہے بلکہ منہ مانگے دام بھی وصول کررہی ہے۔

موجودہ مہنگائی کے دور میں شہریوں کے لیے مہنگا پانی خریدنا کسی عذاب سے کم نہیں ہے اور وہ انتہائی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

افسوسناک امر ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے ذمہ دارسرکاری ادارے درپیش مسئلے کا حل نکالنے کے بجائے ایک دوسرے پہ الزام تراشی میں مصروف ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے الزام عائد کیا ہے کہ سیاسی طور پر وابستہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے ملازمین جان بوجھ کر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران پیدا کررہے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ ضلع وسطی و غربی کے مختلف علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے۔

کراچی کے ’رہائشی‘ سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والے سرکاری ادارے کے ذمہ دار ملازمین کو نہ صرف بے نقاب کیا جائے گا بلکہ انہیں قرار واقعی سزا بھی دی جائے گی۔

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے اعتراف کیا کہ شہر قائد میں واٹر ٹینکر مافیا پانی کے منہ مانگے دام وصول کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں