مشرقی سندھ میں آندھی کیساتھ بارش ،کراچی میں ہیٹ ویو کا امکان


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی سندھ( میرپورخاص، حیدرآباد اور کراچی ڈویژن) میں کہیں کہیں تیزہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔تاہم ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی،جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں موسم شدید گرم رہیگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں سے آج شمال مشرق کی طرف بڑھے گا۔مشرقی بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ شدت اختیار کر چکاہے۔کراچی میں آئندہ دو سے تین روز میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’وایو‘ طوفان کی وجہ سے ہواؤں کا رخ مزید تبدیل ہونے کا امکان بھی ہے۔

پی ایم ڈی کے مطابق بحیرۂ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے اٹھنے والے سمندری طوفان ’وایو‘ کی وجہ سے کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔

ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات سے ہفتہ کے درمیان کراچی کا پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سمندر میں ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے جس کا نام بھارت نے ’وایو‘ رکھا ہے اور طوفان کا رخ بھی بھارت کی جانب ہے جو جمعرات کو بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا، کراچی میں اس کی وجہ سے بارشیں ہو سکتی ہیں تاہم اس سے قبل شہر قائد شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔

سمندری طوفان کی وجہ سے سندھ کے اضلاع ٹھٹہ، مٹھی اور تھر پارکر میں تیز آندھی اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔ سمندری طوفان ویو بدھ کی صبح کراچی سے 1150 کلو میٹر دور تھا جو 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھارتی ریاست گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سمندر میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ماہی گیروں کو بدھ اور جمعرات کے روز گہرے سمندر میں جانے سے بھی روک رکھا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان کے علاقہ استور62، اسکردو44، چلاس، بگروٹ22، گلگت20، بونجی04 اور گوپس میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

کشمیرکے علاقوں  راولاکوٹ17، مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔

اسی طرح  اسلام آباد میں سیدپورکے مقام پر19، زیروپوائنٹ14، بوکرہ08، گولڑہ07 اور ائرپورٹ کے مقام پر 05 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے علاقوں  جوہرآباد12، منڈی بہاوٗالدین11، مری10، راولپنڈی08، سیالکوٹ کینٹ04، منگلا، سرگودھا04، لاہورسٹی03،، جہلم03، گجرات02، گوجرانوالہ، ناروال اور چکوال میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں  کاکول16، پٹن15، بالاکوٹ13، مالم جبہ09، سیدوشریف07، چترال، پاراچنار06 اور چراٹ میں01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ

آج ریکارڈ کیےگئےگرم ترین مقامات میں سبی، لاڑکانہ48، جیکب آباد47، دادو اور موہنجوداڑو میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں