وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کےاجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان پہنچ گئے

وزیر اعظم عمران خان اسکردو پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان آج سے کرغزستان میں شروع ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں  شرکت کے لیے بشکیک پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار بھی کرغزستان روانہ ہوئے ہیں۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کا مقصد خطے کی اقتصادی حالت کے اقدامات کا جائزہ لینا ہے، چند روز قبل او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی تجاویز ایس سی او لیڈر شپ کے سامنے رکھی جائیں گی جس پر وہ فیصلہ دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی دیگر ممالک کی قیادت سے بھی ملاقات اور مشاورت ہو گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت کرغزستان کے صدر نے دی ہے۔وزیر اعظم آج بشکیک روانہ ہونگے۔

اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک پاکستان، چین، روس، بھارت، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور قازقستان کے علاوہ تنظیم کے مبصر رکن افغانستان، ایران، منگولیا اور بیلاروس شریک ہوں گے۔

سربراہ کونسل شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کا اعلی ترین فورم ہے، سربراہ کونسل تنظیم کی حکمت عملی، امکانات اور ترجیحات کا تعین کرتی ہے، کرغزستان کے صدر سربراہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سربراہ اجلاس کے دو ادوار سے خطاب  بھی کریں گے۔

مختلف شعبوں میں تعاون کے علاوہ اجلاس میں کئی معاہدوں کی منظوری دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان سربراہ اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پاکستان کے ایس سی او رکن ممالک سے گہرے تاریخی و ثقافتی تعلقات ہیں، ایس سی او مختلف شعبوں میں تعاون کا ایجنڈا رکھتی ہے جو حکومت پاکستان کی امن و استحکام کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔

یہ بھی پڑھیے: شنگھائی تعاون تنظیم کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاکستان کا 7 نکاتی ایجنڈا

ترجمان دفتر کے مطابق پاکستان انفرااسٹرکچر، معیشت، تجارت اور ثقافتی شعبوں میں روابط کی پالیسی پر کاربند ہے، پاکستان تجارت و توانائی کے لئے اہم روٹ پیش کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں