احسن اقبال سے کہتا ہوں آپ کے گھبرانے کا وقت آگیا، مراد سعید



وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا لازمی ہے،احسن اقبال سے 5سوال کیے تھے کسی سوال کا جواب نہیں آیا۔ اب احسن اقبال کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتاہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ ہم نے اب تک این ایچ اے کے چار سو تیس کروڑ روپے ریکور کیے۔

انہوں نے کہا کہ نہ کبھی احسن اقبال سے سوالات کے جوابات آئے اور نہ آئیں گے۔ ہم ان سے چوبیس ہزار کا جب پوچھتے ہیں تو جواب نہیں آتا۔

مراد سعید نے الزام عائد کیا کہ احسن اقبال دوسری وزارتوں کے کام میں مداخلت کرتے رہے ہیں ہم سارے ثبوت نیب کو دے چکے ہیں،ہم ایک ہفتے کے اندر کمیشن میں ڈیٹا فراہم کردیں گے۔

مراد سعید نے کہا جاوید صادق ان کا ساتھی ہے اور اس کے تمام ثبوت موجود ہیں۔احسن اقبال پلاننگ کے منسٹر اور دستخط مواصلات پر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے،پچاس فیصد آبادی غربت میں اپنی زندگی گزار رہی ہے،منی لانڈرنگ کے کیسز سامنے آرہے ہیں،لوگ کہتے تھے ہر پل کھاؤ، ہر پل کھاؤ، ہر سڑک کھاؤ اور بے دھڑک کھاؤ،اب ان سب کا گھبرانے کا وقت آگیاہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ پی سی ون میں درج اخراجات سے کئی گنا زیادہ خرچ کیا جاتا ہے۔ہم  کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے اورعوام کا پیسہ لے کر عوام پر لگائیں گے۔جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن بننے جارہا ہے، سب سے پہلے میری وزارت سے احتساب ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان ایک کمیشن بنا رہے ہیں جس میں سارے ادارے ایک ساتھ کام کرینگے۔

مراد سعید نے کہا وہ ادارے یہ دیکھیں  گے کہ 24 ہزار ارب روپیہ کس چیز پہ خرچ ہوا۔جس جس نے بھی میرے پاک وطن کو لوٹا ہے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: کمیشن ماہر معاشیات کی نگرانی میں بنایا جائے، پیپلز پارٹی

وزیر مواصلات نے کہا  این ایچ اے کی 219 فالتوں گاڑیاں ہم نے بیچی ہیں،این ایچ اے کا ہم نے ریوینیو بڑھایا،ہم نے کلین اینڈ گرین مہم شروع کی جو کامیاب ہے۔


متعلقہ خبریں