انکوائری کمیشن کے سربراہ کا اعلان آئندہ ہفتے کرینگے، فردوس عاشق



وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قرضوں کے معاملے پر بنائے جانے والے ہائی پاور کمیشن کے سربراہ کا اعلان آئندہ ہفتے کردیا جائیگا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کمیشن کا سربراہ غیرمتنازعہ شخصیت کو بنایا جائیگا۔ کمیشن آئین اور قانون کے تابع بنایاجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ  بجٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔وزیراعظم  نے عوام کے احساسات کی ترجمانی کی ہے۔بجٹ میں کچھ کڑوی گولیاں ضرور ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں اس کی کڑواہٹ عوام کو محسوس نہ ہو۔

اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں موجود گولیاں  معیشت کے ساتھ جڑی ہیں . ان گولیوں سے عوام کو آرام آئیگا۔ ہم ان کڑوی گولیوں کو شوگر کوٹڈ کردینگے۔

فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ بجٹ میں موجود کڑوی گولیوں کی وجہ سے وقتی تکلیف سے ہمیشہ کے لیے نجات کا باعث بنے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گزشتہ روز ظفر وال میں کی گئی تقریر پر نام لیے بغیر ردعمل میں کہا کہ سزایافتہ بے نامی دار راج کماری نے کنیزوں کے جھرمٹ میں وزیراعظم پاکستان کے متعلق نا زیبا الفاظ استعمال کر کے شہنشاہیت کے خاتمے کی آہ و بکا کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مریم صفدر کی بے بیتابی اور پریشانی کا احساس ہے۔وزیراعظم کی زیر نگرانی میں بننے والا کمیشن ان کی کرپشن کو قوم ۔
کے سامنے بے نقاب کرے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ  مریم صفدر مفرور اشتہاری بھائیوں اور ملکی معیشت کو چونا لگانے والے ڈار انکل کو عدالتوں میں پیش کر کے عدلیہ کی تعظیم اور آئین و قانون کی بالادستی پریقین رکھنے کا ثبوت دیں۔

وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی صاحبزاد محبوب سلطان نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی،اتنی کرپشن کے باوجود ملک چل رہا ہے اس پر اللہ کا خاص کرم ہے۔ یہ  ملک کھانے پینے کی اشیا ء کے حوالے سے خود کفیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 40سال ملک پر حکمرانی کرنے والوں نے اس ملک میں کوئی ایسا اسپتال نہیں بنوایا جہاں وہ اپنا علاج کراسکیں۔

صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی ترجیحات میں زراعت کو رکھا ہے۔ہمارے  بجٹ کو بارہ سو فیصد بڑھایا گیا ہے۔ہماری  حکومت 296 ارب کے پروجیکٹس لے کر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے منصوبے لارہے ہیں وزیراعظم نے منظوری دیدی ہے،اس وقت دنیا میں گوشت کا کاروبار 6 ٹریلین کا ہے،پاکستان کا گوشت کے حوالے سے عالمی مارکیٹ میں شیئر بہت کم ہے۔

یہ بھی پڑھیے:احسن اقبال سے کہتا ہوں آپ کے گھبرانے کا وقت آگیا، مراد سعید

وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ زراعت کے پانی کو بچانے کے لیے بھی منصوبہ لارہے ہیں۔آنے والے دنوں میں زراعت اور لائیو اسٹاک کا شعبہ پروموٹ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  گنے کے کاشت کاروں کو 230 روپے تک کا ریٹ ملا ہے،کاشتکارکاٹن اگائیں ہم ان کو اچھی قیمت دلوائیں گے۔پوری کوشش کررہے ہیں کے بجلی کی پرانی قیمت واپس لائی جائے .


متعلقہ خبریں